نئی دہلی، 29 ؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اپنا 7 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے سے محروم رہ گئیں۔ اتوار کو ثانیہ اور آئیون ڈوڈگ کی جوڑی کو سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے مکسڈ ڈبلز کے خطابی مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خطابی مقابلے میں امریکہ کی ایبگیل سپیئرز اور کولمبیا کے جوآن سیبسٹین ابال کی جوڑی نے ثانیہ۔ڈوڈگ کی جوڑی کو براہ راست سیٹوں میں 6۔2، 6۔4 سے شکست دی۔ ہندوستان کی ٹاپ خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کے جوڑی دار کروشیا کے آئیون ڈوڈگ پر ایبگیل سپیئرز اور جوآن سیبسٹین ابال کی جوڑی شروع سے ہی حاوی رہی۔ دوسرے سیٹ میں ثانیہ اور ڈوڈگ نے ابتدائی برتری بناتے ہوئے واپسی کی امید جگائی لیکن اپوزیشن کھلاڑی بہتر ثابت ہوئے۔ثانیہ۔آئیون کی جوڑی کا یہ دوسرا گرینڈ سلیم فائنل تھا249 وہ اس سے پہلے گزشتہ سال فرانسیسی اوپن میں لینڈر پیس اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی سے بھی شکست کھا چکے ہیں۔ اس ثانیہ کا آسٹریلین اوپن میں دوسرا مکسڈ ڈبلز فائنل تھا۔ اس سے پہلے وہ ہندوستان کے ہی مہیش بھوپتی کے ساتھ 2009 میں یہ خطاب جیت چکی ہیں۔ ثانیہ نے تین مکسڈ ڈبلز خطاب جیتاہے۔ انہوں نے اس زمرے میں آخری خطاب 2014 میں برازیل کے برونو سوریس کے ساتھ امریکہ اوپن کے طور پر جیتا تھا۔ ثانیہ کے پاس کل 6گرینڈ سلیم ٹائٹل ہیں جس سے 3 مکسڈ ڈبلز اور 3 خواتین ڈبلز خطاب شامل ہیں۔ دوسری ترجیحی ثانیہ۔آئیون کی جوڑی نے فائنل میں پہنچنے تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سیمی فائنل میں آسٹریلوی جوڑی نے انہیں اچھا مقابلہ دیا تھا، لیکن ثانیہ اور آئیون نے اسے پار کر اپنا پہلا خطاب جیتنے کی امیدوں کو زندہ رکھا۔